بلوچستان جنرل اسمبلی کے چیپٹر کے تحت حیربیار اور نعمت اللہ کی جانب سے، ویلفیئر اینڈ ایمپاورمنٹ بلوچستان (WEB) کے تعاون اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بلوچستان امجد لاشاری کی خصوصی معاونت و سماجی سرپرستی میں نوجوانوں کے لیے ایک خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔سیشن کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں میں آئینی حقوق و ذمہ داریوں، امن سازی، سماجی ہم آہنگی اور مثبت شہری کردار کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا، نوجوانوں کی مؤثر شرکت کو فروغ دینا اور بلوچستان کے بہتر مستقبل کے لیے قابلِ عمل راستوں پر غور کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بلوچستان امجد لاشاری تھے، جبکہ محترمہ روشن خورشید بروچہ نے خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف سماجی و سیاسی شخصیات اور معزز مہمانان میں رابعہ خواجہ خیل، ماجبین جمالی اور نازیہ درانی بھی شریک ہوئیں۔اپنے خطاب میں امجد لاشاری نے نوجوانوں کو آئینِ پاکستان کے تحت حاصل حقوق کے ساتھ ساتھ ان کی قومی، سماجی اور شہری ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان کے مختلف محکموں کے تحت جاری سماجی بہبود، نوجوانوں کی ترقی، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، خواتین کی بااختیاری اور دیگر ترقیاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کی قیادت ہیں۔ نوجوانوں کو مثبت سوچ، تعلیم، ہنر، تخلیقی سرگرمیوں اور تعمیری مکالمے کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دستیاب مواقع اور وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ریاستی و سرکاری اداروں کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعاون کریں تاکہ بلوچستان میں امن، سماجی ترقی اور معاشی مواقع کو مزید فروغ دیا جا سکے۔سیشن میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ نوجوانوں کی مؤثر شمولیت، آئینی شعور، باہمی احترام اور پُرامن مکالمہ بلوچستان میں دیرپا امن، سماجی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ شرکاء نے بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں سے منسلک کرنے کے لیے مستقبل میں مزید مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا
بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے آئینی آگاہی، امن سازی اور مثبت کردار کے حوالے سے خصوصی سیشن
rauqu
اگلی خبر →
DPRQ-1549

Leave a Reply